بھٹکل:08/ستمبر (ایس اؤنیوز) بسوا، اندرا،امبیڈکر ،ماہی گیر وستی ، دیوراج ارس رہائشی جیسے مختلف رہائشی اسکیموں کے تعاون سے تعلقہ کے 6گرام پنچایت بہت جلد جھونپڑیوں سے نجات پالیں گے ، جبکہ آئندہ دنوں میں تعلقہ کے تمام 16گرام پنچایتیوں کو اسی فہرست میں شمار کیا جائے گا، اس بات کا اعلان رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کیا۔
وہ یہاں جمعہ کو تعلقہ پنچایت ہال میں مختلف رہائشی اسکیموں کے نفاذ کے متعلق مختلف گرام پنچایت کے صدور، ترقی جات افسران کے ساتھ منعقد ہ جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بات کررہے تھے۔ رکن اسمبلی نے کہاکہ امسال بھٹکل ودھان سبھا حلقہ کے لئے 1634 مکانات منظور ہوئے ، ماہی گیر محکمہ کی طرف سے بھی گھروں کی تعمیر کے لئے پیش کش ارسال کی گئی ہے۔ غریبوں کو گھر بنانے کے لئے حکومت کے پاس رقم کی کوئی کمی نہیں ہے، اب تک 53کروڑ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں،اگر ضرورت ہوئی تو مزید 50کروڑ روپئے منظورکئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے افسرا ن سے کہاکہ وہ منصوبہ جات اور اسکیموں کے نفاذ کی طرف توجہ دیں۔ مستفیدین کے انتخاب میں پارٹی ، ذات وغیرہ کی تفریق نہ کریں، بس اتنا خیال رکھیں کہ منصوبہ جات کا فائدہ غریبوں کو پہنچے ۔ اگر اس سال کوئی مکان نہیں بنتا ہے تو اس کی ذمہ داری راست طورپر افسران پر ہونے کا انتباہ دیا۔ تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن وشنو دیواڑیگا، ممبران جئے لکشمی گونڈ، میناکشی نائک، محسن جکا، تعلقہ پنچایت افسر سی ٹی نائک موجود تھے۔